AJ&K – EPA Website Inauguration

  • مظفرآباد( پی آئی ڈی)06اگست 2019
    آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم و ماحولیات بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جارہی ہے۔ سمارٹ فون کی وجہ سے عوام کی معلومات تک رسائی مزید آسان ہو گئی ہے۔ بنیادی معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ اور ہائیڈرل منصوبہ جات کی وجہ سے ماحولیاتی مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے اس شعبہ جات کی جانب خصوصی توجہ دنیا ہوگی۔ ہمارا مستقبل ماحولیات کے تحفظ سے وابستہ ہے۔ آنے والی نسلوں کی بقاء کے لیے ہمیں عوام کو ماحولیاتی مسائل سے آگاہی فراہم کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی آفیشل ویب سائیٹ لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر، سیکرٹری بہبود آبادی و ڈائریکٹر جنرل ماحولیات راجہ رزاق خان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد اسحاق خان، سیکرٹری سماجی بہبود خواجہ احسن، سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک راجہ طارق مسعود خان، سیکرٹری سیراء زاہد عباسی، سپیشل سیکرٹری سروسز عامر محمود مرزا،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور و دیگر آفیسران کے علاوہ این جی اوز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ماحولیات نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر کو ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔ آزاد کشمیر میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، ہائیڈرل منصوبہ جات اور منرل کی نکاسی کی وجہ سے ماحولیاتی مسائل میں اضافہ ہور ہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل میں کمی کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے محکمہ ماحولیات آگاہی مہم کا آغاز کرے اور شہریوں کو ماحولیاتی مسائل سے متعلق آگاہ کرے تاکہ آزاد کشمیر کے قدرتی حسن کو برقرار رکھا جاسکے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کی بقاء وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو مستحکم کریں گے اور اسے ٹیکنیکل طور پر مضبوط کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر نے کہا کہ قدرتی ریسورسز کی یوٹیلائزیشن کے دوران ماحولیات کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا چاہیے۔ ماحولیاتی چیلنجز کو حل کرنے کے لیے سو ل سوسائٹی کی شمولیت ناگزیر ہے۔ محکمہ ماحولیات کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کرے اور اپنی ویب سائیٹ پر تمام ممکنہ معلومات فراہم کرے تاکہ لوگ ماحولیاتی مسائل سے آگاہ ہو سکیں اور انکے تدارک کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ویب سائیٹ کی لانچنگ محکمہ ماحولیات کا لائق تحسین اقدام ہے اسکو عوام کے لیے معلومات تک رسائی کا بنیادی ٹول بنایا جائے اور جملہ معلومات اس پر فراہم کی جائیں  اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بہبود آباد ی وڈائریکٹر جنرل ماحولیات راجہ رزاق خان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پبلک سیکٹر آرگنائزیشن میں سروس ڈیلیوری کے عمل کو موثر بنانے کے لیے ہمیں ایک بامقصد Paradigm shiftکی جانب گامزن ہونا ہے۔آزاد جموں وکشمیر عبوری آئین 1974کے تحت معلومات تک رسائی کو بنیادی حقوق کا درجہ حاصل ہے لہذاسرکاری محکمہ جات کو اس سمت کی جانب بڑھنا ہے۔ جہاں شہریوں کو گھر بیٹھے بٹھائے ضروری معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل جدید دور میں شہریوں اور حکومتوں کے مابین رابطہ کا پہلا ذریعہ ویب سائیٹ ہے۔  ویب سائیٹ کسی بھی ادارہ کی کارگزاری، کارکردگی اور شفافیت کے عمل کو ظاہر کرتی ہے۔ اسی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے تحفظ ماحولیات ایجنسی نے ایک ابتدائی سٹرکچر کے ساتھ اپنی ویب سائیٹ تیار کی ہے۔ ویب سائیٹ پر تمام معلومات جو قانون کے تحت مہیا کی جاسکتی ہیں موجود ہیں اور اس کو ساتھ ساتھ اپ ڈیٹ کرنے کے لیے بھی معقول انتظام کر دیا گیا ہے ۔ اس موقع پر وزیر ماحولیات بیرسٹر افتخار گیلانی نے بٹن دبا کر ویب سائیٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔